نئی دہلی، 2/جون(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی کے مرکزی وزیر پرکاش جاوڈیکر اور وزیر مملکت سپریونے ہفتے کے روز اپنااپنا کام کاج سنبھال لیا۔مسٹر جاوڈیکر اور مسٹر سپریو نے وزارت کے اعلیٰ افسران کی موجودگی میں یہاں اندرا گاندھی پریاورن بھون میں اپنی ذمہ داری سنبھال لی ہے۔بعد ازاں مسٹر جاوڈیکر نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا،’کچھ لوگ سمجھتے ہیں کہ ماحولیات کا تحفظ کرناہے تو ترقی روکو لیکن یہ درست نہیں ہے۔ ترقی اور ماحولیات کاتحفظ دونوں ساتھ ساتھ ممکن ہیں۔ یہ ہم نے دکھایا ہے اور آگے بھی دکھائیں گے‘۔ مسٹر جاوڈیکر نے کہا کہ وزارت کا کام کاج سنبھالنے کی انھیں خوشی ہے۔ اس وزارت کا کام پانچ عناصر، زمین، پانی، ہوا،آگ، اورآسمان کا تحفظ کرنا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ مسٹر جاوڈیکر کو ماحولیات کے ساتھ اطلاعات ونشریات کی وزارت کی بھی ذمہ داری دی گئی ہے۔ اس کا چارج انہوں نے جمعہ کے روز ہی لے لیا تھا۔ راجیہ سبھا کے رکن مسٹرجاوڈیکر گذشتہ حکومت میں بھی دو سال کے لیے وزیر ماحولیات رہ چکے ہیں۔ وہ 26 مئی 2014 سے 05جولائی 2016 تک اس عہدے براجمان رہے تھے۔ بعد ازاں انھیں فروغ انسانی وسائل کاوزیر بنا دیا گیا تھا۔مسٹرسپریونے کہاکہ مسٹر جاوڈیکر کے ساتھ کام کرنا اچھا تجربہ ہوگا۔ ان کے پاس تجربہ ہے وہ زندہ دل انسان ہیں۔ ان کے ساتھ کام کرکے کافی کچھ سیکھنے کو ملے گا۔